پولیس سر براہ کی صدارت میں سال گزشتہ میں پولیس کی کارکردگی اورسال رواں کے منصوبوں کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس جموں میں منعقد۔
زیر التواء UAPA اور NDPS مقدمات کو فوری طور پر نمٹانے کے لیے اہداف مقرر کریں: ڈی جی پی کی افسران کو ہدایت
جموں، 11 جنوری: سال گزشتہ کی کارکردگی کا تجزیہ کرنے اور جموں زون کے لیے 2022 کے منصوبے اور حکمت عملی تیار کرنے کے لیے آج ZPHQ، جموں میں ایک طویل اعلیٰ سطحی اجلاس ڈائریکٹر جنرل آف پولیس شری دلباغ سنگھ کی صدارت میں منعقد ہوا۔
اس اہم اجلاس میں ڈی آئی جی راجوری پونچھ رینج شری وویک گپتا، ڈی آئی جی ڈوڈا، کشتواڑ رامبن رینج شری سنیل گپتا، ڈی آئی جی ادھم پور ریاسی رینج شری محمد سلیمان ایس ایس پی پی سی آر جموں اور جموں زون کے تمام ضلعی ایس ایس پیز نے شرکت کی۔
پولیس سربراہ نے اس موقع پراپنے خطاب میں اجلاس کے انعقاد پر اے ڈی جی پی جموں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس سے سال2022 کے اہداف طے کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ جرائم کی روک تھام کے لیے مختلف محاذوں پر جرائم سے نمٹنے کیلئے زیادہ سے زیادہ عوامی حمایت حاصل کی جانی چاہیے اور جدید اور روایتی پولیسنگ دونوں یکساں طور اہم ہیں۔ زیر التواء یو اے پی اے اور این ڈی پی ایس کیسوں کو فوری طور پر نمٹانے کے لیے اہداف مقرر کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے ڈی جی پی نے قصورواروں کی سزا کو یقینی بنانے کے لیے جانچ کے معیار اور تکنیک کو بہتر بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ این ڈی پی ایس، یو اے پی اے اور خصوصی نوعیت کے معاملات کی تحقیقات کے لیے ضلع ایس ایس پیز کی براہ راست نگرانی میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔ انہوں نے افسران کو یو اے پی اے کی تحقیقات کے دوران وضح کئے گئے طریقہ کار پرعمل کرنے کی ہدایت کی اور اے ڈی جی پی جموں سے کہا کہ وہ وضح کئے گئے طریقہ کار کی کاپیاں تمام ایس ایس پیز کو بھیجیں۔
انہوں نے عدالتوں میں پیروی افسران کو تعینات کرنے پر زور دیا جو عدالتوں میں پولیس کے لیے ویلیو ایڈیشن کا کام کرے گی ۔ ڈی جی پی نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ فراریوں کا سراغ لگانے کے لیے خصوصی مہم شروع کریں۔ انہوں نے افسران کو سماج دشمن اور ملک دشمن عناصر پر کڑی نگاہ رکھنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ امن دشمن عناصر کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں ۔ اس دوران انہوں نے خصوصی نوعیت کے جرائم سے زیادہ مؤثر طریقے سے نمٹنے پر بھی زور دیا۔
قومی شاہراہ کی سیکورٹی حوالے سے ڈی جی پی نے افسران کو ہدایت کی کہ اگر کوئی ضرورت ہو تو وہ پی ایچ کیو سے استفادہ کریں تاکہ قومی شاہراہ کی سیکورٹی میں مزید اضافہ کیا جاسکے۔ انہوں نے شاہراہوں پر حادثات کی روک تھام اور حادثاتی ردعمل کے منظم منصوبے بنانے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے حادثاتی مقامات پر ابتدائی طبی امداد کی ٹیمیں تعینات کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے افسران کو یہ بھی ہدایت دی کہ وہ جوانوں اور افسران کی رہائش اور دیگر سہولیات کو تیز رفتار بنیادوں پر اقدامات عمل میں لائیں ۔
خواتین کے خلاف جرائم کا تذکرہ کرتے ہوئے، ڈی جی پی نے ہر ضلع میں خصوصی خواتین ہیلپ ڈیسک کھولنے کی ہدایت دی تاکہ خواتین بے خوف ہو کر اپنے خلاف ہونے والے جرائم کی اطلاع دیں اور بنا کسی ججک کے اپنی شکایات کا اظہار کر سکیں۔ کمیونٹی پولیسنگ کے حوالے سے، ڈی جی پی نے کہا کہ پولیس پبلک میٹنگز کے انعقاد کے ساتھ ساتھ پولیس اور عوام کے درمیان تعلقات کومزید مضبوط کرنے کے لیے مزید عوام دوست اقدامات کیے جانے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ قانون کی پاسداری کرنے والوں کا احترام کیا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ انہیں کسی بھی صورت حال میں کوئی تکلیف نہ ہو۔
ڈی جی پی نے افسران کو ہدایت کی کہ شہداء کے اہل خانہ کو ہر ممکن مدد اور امداد فراہم کی جائےاور شہداء کے خاندانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ان کی عیادت کو معمول بنائیں اور ان خاندانوں کی خیریت بھی جانیں اور اگر ان خاندانوں کو کوئی مسئلہ درپیش ہو ں تو انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔
جموں زون کے مختلف اضلاع کی نمائندگی کرنے والے افسران نے اجلاس کے دوران اپنے متعلقہ اضلاع کی 2021 کی کارکردگی اور 2022 میں جرائم سے زیادہ مؤثر طریقے سے نمٹنے کے لیے بنائے گئے منصوبوں کے بارے میں پاور پوائنٹ پریزنٹیشنز کے ذریعے آگاہی فراہم کی۔